• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین اساتذہ کے مطالبات کیلئے ہرفورم پر آواز بلند کرینگے ،جی ٹی اے آئینی کوئٹہ

کوئٹہ ( پ ر)گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن آئینی بلوچستان کے وفد نے گزشتہ روز گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ایری گیشن کالونی سریاب روڈ کوئٹہ کا دورہ کیا ۔اور چند دنوں سے احتجاج میں شامل خواتین اساتذہ سے ملاقات کرکے صورتحال کے حوالے سے آگاہی حاصل کی ۔وفدمیں گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن آئینی بلوچستان کے سینئر صوبائی نائب صدر محمدبچل ابڑو ،ضلعی جنرل سیکرٹری عبدالکریم جتک ،ضلعی چیئرمین محمد یعقوب رند ،شفیع محمد گورچانی ،ضلع سوشل میڈیا سیکرٹری سید انور شاہ ،چلتن ٹاؤن کے صدر عبیداللہ مری اورڈویژنل پریس سیکرٹری کوئٹہ ڈویژن یوسفی ؔ بلوچ شامل تھے ۔خواتین اساتذہ کرام نےجی ٹی اے آئینی کے وفد کو اپنے مسائل ،مشکلات اور ان ایشوز اور وجوہات سے آگاہ کیا جن کی وجہ سے وہ گزشتہ چند دنوں سے احتجاج پر ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم نئی پرنسپل صاحبہ کے رویے کی وجہ سے احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں۔اسکول کا تعلیمی ماحول منصوبہ بندی کے تحت خراب کیاجارہاہے۔اساتذہ کو ہراساں اور پریشان کیا جارہا ہے ۔انھیں اختیارات اور عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے انتقامی کارروائیوں کی دھمکی دی جارہی ہے ۔ اس موقع پر وفد نے اساتذہ کو یقین دلایا کہ جی ٹی اے آئینی ان کے جائز مطالبات کی حمایت کرتی ہے ۔ان کے پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ کےلیے ان کے شانہ بشانہ ہر فورم پر آواز بلند کرے گی ۔وفد نے اساتذہ کو پریشان و ہراساں کرنے اور اپنے اختیارات و عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈرانے دھمکانے اور انتقامی کارروائیوں کی مذمت کی اور صوبائی وزیر تعلیم ،سیکرٹری تعلیم ،ڈائریکٹر ایجوکیشن اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول اریگیشن کالونی سریاب کے اساتذہ کے مطالبات کےحل کےلیے جلد اقدامات کئے جائیں۔
کوئٹہ سے مزید