راولپنڈی (نمائندہ جنگ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے دعویٰ کیاہے کہ آئینی ترامیم کامقصد صرف مجھے جیل میں رکھنا ہے، لاہور میں پرامن جلسہ اور تاریخی احتجاج کرینگے آئینی عدالت کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے کیونکہ یہ سپریم کورٹ سے ڈرے ہوئے ہیں گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آئینی عدالت کا قیام اس لئے عمل میں لایا جا رہا ہے کیونکہ یہ سپریم کورٹ سے ڈرے ہوئے ہیں ، نئی ترامیم سے ملک کا مستقبل تباہ ہو جائے گا،حکمرانوں نے عدلیہ کا بیڑا غرق کرنے کافیصلہ کیا ہے ، الیکشن فراڈ چھپانے کیلئے یہ سب کچھ کیا جا رہا ہے ، یہ ڈرے ہوئے ہیں کہ اگر الیکشن کھل گیا تو سب کچھ ریورس ہو جائے گا ، قانون کی حکمرانی کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں اس سے بڑا ظلم ملک پر نہیں ہو سکتا، یہ ملک سے قانون کی حکمرانی ختم اور جمہوریت کا بیڑا غرق کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیب ترامیم میں انہوں نے اپنے اربوں روپے معاف کروا کر خود کو تحفظ دیا ، یہ سب کچھ ملکی مفاد کیخلاف ہو رہا ہے، ججز کو دھمکیاں دینے ، لوگوں کو اغوا ءکرنے اور ایک سیاسی جماعت کو ختم کرنے سے سیاسی عدم استحکام بڑھے گا۔