راولپنڈی (وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر)راولپنڈی پولیس کے 4نئے پٹرول پمپوں کی تعمیر کاکام شروع کردیاگیا۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی پولیس نے اپنی ملکیتی اراضی پر مختلف پرائیویٹ پرسنزسے پٹرول پمپوں کامعاہدہ کیاہے جس کے تحت فوارہ چوک کوتوالی کے ایک حصہ میں ،پولیس لائن نمبر ایک میں پولیس ہسپتال کے قریب ،تھانہ روات کی پرانی عمارت اور تھانہ جاتلی کے سامنے پولیس کی اراضی میں چار پٹرول پمپ تعمیر کئے جارہے ہیں۔اس سے قبل پولیس لائن سے متصل ائرپورٹ روڈ پر راولپنڈی پولیس کاملکیتی ایک پٹرول پمپ ہے ۔چار نئے پٹرول پمپس کی تعمیر سے راولپنڈی پولیس کی آمدنی میں اضافہ ہوگا،تعمیراتی کام شروع ہونے پرفوارہ چوک میں واقع ایس پی راول کے آفس کو ایس ڈی پی او نیوٹاؤن کے آفس جب کہ ایس ڈی پی او نیوٹاؤن کے آفس کو تھانہ نیوٹاؤن منتقل کردیاگیا ہے ۔ذرائع کاکہنا ہے پولیس لائن میں تعمیر ہونے والے پمپ کاماہانہ کرایہ 36لاکھ روپے اور فوارہ چوک کے پٹرول پمپ کا کرایہ 32لاکھ روپے مہینہ وصول کیاجائے گا۔