لندن (جنگ نیوز) وزیر اعظم پاکستان اور برطانیہ کے بادشاہ کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے جس کے دوران چارلس سوم نے شہباز شریف کو آئندہ ماہ سموئہ میں ہونے والے دولت مشترکہ کے سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔وزیر اعظم نے چارلس سوم کی جانب سے دی جانے والی دولت مشترکہ کے سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت کو قبول کرلیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ اجلاس دولتِ مشترکہ ممالک کے درمیان پائیدار ترقی، جمہوری اداروں کی مضبوطی اور نوجوانوں کی ترقی کے لیے تعاون کو فروغ دے گا۔ انہوںنے کامن ویلتھ کے رہنماؤں کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں پر بات چیت کرنے کی خواہش کا اظہارکیا۔شاہ چارلس کے تخت سنبھالنے کے بعد یہ پہلا دولتِ مشترکہ کا اجلاس ہوگا جس کی وہ بذات خود صدارت کریں گے۔برطانوی بادشاہ کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے کے دوران وزیر اعظم نے پاکستان کے دولت مشترکہ اور اس کے چارٹر پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔شہبازشریف نے واضح کیا کہ سموئہ میں اجلاس دولتِ مشترکہ کے ممالک کے درمیان مختلف امور بالخصوص پائیدار ترقی، جمہوری اداروں کی مضبوطی اور دولت مشترکہ کے نوجوانوں کی ترقی کے لیے تعاون کو فروغ دے گا۔ ماحولیاتی مسائل میں بادشاہ کی دیرینہ دلچسپی کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیر اعظم شہباز نے کامن ویلتھ کے رہنماؤں کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں پر بات چیت کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، خاص طور پر جب کہ پاکستان کو اس کے اثرات کے حوالے سے اہم خطرات کا سامنا ہے۔اس کے علاوہ وزیر اعظم نے بادشاہ کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کی شاہی عظمت، شہزادی آف ویلز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جنہوں نے حال ہی میں اپنا علاج مکمل کیا ہے۔شاہ چارلس کے آخری دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے جب وہ ابھی پرنس آف ویلز تھے، وزیر اعظم شہباز نے امید ظاہر کی کہ بادشاہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔