اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر سپریم کورٹ کی وضاحت پر قانونی ماہرین سے مشاورت لینے کا فیصلہ کرلیا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں ممبران، سیکرٹری الیکشن کمیشن، اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن لاء اور لیگل ٹیم شریک ہوئی۔ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق مختصر فیصلے اور الیکشن کمیشن کی مانگی گئی وضاحت کے جواب میں سپریم کورٹ کے 14 ستمبرکے آرڈرپربھی غور کیا گیا۔ذرائع نے بتایاکہ اجلاس میں مخصوص نشستوں سے متعلق پارلیمنٹ میں کی گئی قانون سازی پربھی غور ہوا اور قانونی نکات اورمضمرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے اس معاملے پر قانونی ماہرین سے مشاورت کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کا اجلاس کل دوبارہ ہوگا۔