• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین سپرپاور، دنیا اس کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی، وزیراعظم

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین دنیا کی سپر پاور ہے، دنیا اس کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات کے دوران چین کی جانب سے مسلسل تعاون فراہم کرنے پر شکر گزار ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ سی پیک کو اعلیٰ معیار پر ترقی دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے 75ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے چین کی حکومت اور عوام کو یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چین کا یوم تاسیس منانا خوش آئند ہے،دونوں ملکوں کی دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری ہے، حالیہ دورہ چین کے دوران صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کی جانب سے گرمجوش خیر مقدم پر شکر گزار ہوں،دونوں ممالک کے تعلقات ناقابل تسخیر اور اٹوٹ ہیں، انہوں نے کہا کہ زراعت اور صنعت کے شعبوں سمیت معیشت کو مضبوط کئے بغیر ہم دنیا میں مقام حاصل نہیں کر سکتے، پاک چین دوستی کا مقصد نہ صرف خطے میں ترقی، امن بلکہ شی جن پنگ کے وژن کے تحت دنیا بھر میں ترقی اور امن کو فروغ دینا ہے، پاکستان ہانگ کانگ تائیوان اور دیگر عالمی امور پر چین کے موقف کی حمایت کرتا ہے، سی پیک کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے جا رہے ہیں جس سے پاکستان کی معیشت کو فائدہ پہنچے گا، پاکستان چین کے کلیدی مفادات کا حامی ہے، ہم چین کے وزیراعظم کے آئندہ ماہ دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، وہ ایس سی او پروگراموں میں شرکت کرینگے اور دو طرفہ ملاقاتیں کرینگے، ہم خوشحال پاکستان اور چین کیلئے ملکر کام کرینگے۔ اس موقع پر چین کے سفیر ژیانگ زیڈونگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر شی جن پنگ نے چین کی سماجی اور معاشی ترقی پر مبنی نئے شعبوں کی بنیاد رکھی، شی جن پنگ کی قیادت میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوا، چین محروم اور پسماندہ معاشرہ سے خوشحال معاشرے کی راہ پر گامزن ہوا، چین کی ترقی کو دنیا سے الگ نہیں کہا جا سکتا۔ تقریب سے صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں آمد پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا بھرپور خیر مقدم کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے ترانے بھی بجائے گئے۔

اہم خبریں سے مزید