• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کی سہولت کاری پاکستان کے دشمن ممالک کرتے ہیں، سعید غنی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ عمران خان کی سہولت کاری پاکستان کے دشمن ممالک کرتے ہیں، یہ بات ہم پہلے سے کہتے چلے آرہے ہیں، کراچی میں طلبہ و طالبات کو آئی ٹی کی جدید تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے ٹائون میونسپل کارپوریشن کورنگی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کراچی کے تمام 25 ٹاؤنز کو بھی اس طرح کے اقدامات کرنے چا ہئیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی کی جانب سے پیپلز یوتھ اسکیل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہزاروں طلبہ و طالبات کے اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے لئے انٹری ٹیسٹ کے انعقاد کے موقع پر خطاب اور میڈیا نمائندوں کے سوالات کے جواب میں کیا ، قبل ازیں صوبائی وزیر سعید غنی نے چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کے ہمراہ پیپلز یوتھ اسکیل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جدید آئی ٹی لیبارٹری کا افتتاح کیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ میں کورنگی ٹائون کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں ٹائون کے وسائل سے بہت سے اچھے کام کئے ہیں اور یہ سب سے بڑا اور اچھا کام ہے، انہوں نے کہا کہ ٹائون کے چیئرمین نعیم شیخ نے بتایا ہے کہ ایک سال میں تین ہزار بچوں کو ٹریننگ دی جائے گی اور اگر کراچی کے 25 ٹائون یہ کام کریں تو کراچی کے 75 ہزار بچے سالانہ کم و بیش آئی ٹی کی ٹریننگ حاصل کر سکیں گے،انہوں نے کہا کہ ٹی ایم سی کورنگی نے اپنی آئی ٹی لیب بھی بنائی ہے، جو ایک قابل ستائش اقدام ہے۔