برلن (جنگ نیوز ) انٹرنیشنل ٹینس کے سرکٹ کے انتہائی مصروف شیڈول کو ٹاپ پلیئرز کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔ کئی پلیئرز انجریز کے سبب اہم مقابلوں سے دستبردار ہونے پر مجبور ہیں۔ اس تناظر میں عالمی نمبر تین اسپین کے کارلوس الکاریز نے ٹینس حکام پرنشانہ لگاتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے وہ ہمیں کسی طرح مارڈ الیں گے۔ خیال رہے کہ21سالہ الکاریز لیور کپ میں ٹیم یورپ کی نمائندگی کررہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی حریف بین شیلٹن کے خلاف فتح کےبعد کیا۔ یہ ان کا رواں برس 14واں ٹورنامنٹ ہے۔ الکاریز اس سال دو گرینڈ سلم فرنچ اوپن اور ومبلڈن اوپن جیت چکے ہیں جبکہ پیرس اولمپکس میں کانسی تمغہ ان کے ہاتھ لگا تھا۔ اس دوران انہوں نے 50 سنگل میچز کھیلے ہیں جس میں41میں فاتح رہے۔ اس سے قبل برطانیہ کے جیک ڈریپر اور خواتین کی عالمی نمبر ایک ایگا سوائیتک بھی ٹورنامنٹس کی زیادتی پر ٹینس حکام کو تنقید کا نشانہ بناچکی ہیں۔