راولپنڈی (این این آئی)سابق وزیر اعظم و بانی تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اگلے چیف جسٹس آف پاکستان کا اعلان فوری کیا جائے، ہم جسٹس منصور علی شاہ کی مکمل حمایت کرتے ہیں حکومت ساری عدلیہ کو تباہ کرنے پر لگی ہوئی ہے۔ اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ سپریم کورٹ میں کل سے جو ہو رہا ہے سب کو پتا چل گیا کہ یہ کیا کر رہے ہیں، یہ سب گینگ آف تھری کو توسیع دینے کے لیے کیا جا رہا ہے، ملک کا بیڑا غرق تو انہوں نے کر لیا، اب سپریم کورٹ کو بھی تباہ کر رہے ہیں۔