• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خوبصورت اور صحت مند نظر آنے کے لیے ناشتہ میں یہ کھائیں

اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ اچھی خوراک آپ کی صحت میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اسی لیے تو کہتے ہیں کہ جو آپ کھاتے ہیں وہی نظر آتا ہے۔ اچھا کھانے کا آغاز دن کی شروعات سے ہی ہونا چاہئے۔ ناشتے میں کھانے کے لیے ذیل میں کچھ اشیا بتائی جارہی ہیں، جنہیں اپنی زندگی کا حصہ بنا کر نہ صرف آپ اپنی صحت کو بہتر اور برقرار رکھ سکتے ہیں بلکہ یہ چیزیں آپ کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرتی ہیں۔

جامن

اگر آپ کو مزیدار ناشتے کے ساتھ بھرپور اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات چاہئیں تو آپ اپنے ناشتے میں جامن شامل کرلیں۔ اگرچہ یہ عام طور پر ہر موسم میں دستیاب نہیں ہوتے لیکن جب اس کے فائدے آپ کو پتہ چلیں گےتو آپ شدو مد سے اس کی تلاش شرو ع کردیں گے۔ آپ فروٹ چاٹ میں جامن، اسٹربیری، شریفہ اور بادام وغیرہ ملا کر کھائیں۔ 

ان سب کے اند ر موجود اینٹی آکسیڈنٹس آپ کی جِلد کو فری ریڈیکلز سے محفوظ رکھیں گے اور جِلدکو وقت سے پہلے ڈھلنے سے بچائیں گے۔ ساتھ ہی جامن میں موجود سوزش کش خصوصیات، فائدہ مند منرلز جیسے کہ کیلشیم، وٹامن اے، فاسفورس، آئرن اور تھیامائن آپ کی تمام تر صحت کو بھرپور بناتے ہیں،جو آپ کے دمکتےچہرے سےبھی جھلکتی ہے۔

پپیتا

روازنہ ایک سیب کھانا ڈاکٹر سے دور رکھتاہے۔ یہ محاورہ تو اب پرانا ہوگیا ہے، اب اس کی جگہ پپیتا تجویز کیا جاتا ہے۔ پپیتے کے ساتھ لیموں کا تڑکا آپ کی صبح کو زبردست آغاز فراہم کرتاہے۔ اس میں فائدہ مند پروٹیولائٹک انزائمز ہوتے ہیں، جو نہ صرف آپ کے ہاضمے کے افعال کو بہتر بناتے ہیں بلکہ اپنی سوزش کش خصوصیات کی وجہ سے یہ جسم میں پیدا ہونےوالی جلن یا سوزش کے خلاف بھی کام کرتے ہیں۔ مزید برآں، آپ پپیتے کے چھلکے اپنے چہرے پر نرمی سے آہستہ آہستہ ملیں، یہ آپ کی جِلد کو قدرتی طور پر ایکسفولی ایٹ کردے گا۔

تخمِ بالنگا کی پُڈنگ

تخمِ بالنگا ناشتے میں کھانے سے نہ صرف آپ کے دن کو زبردست آغاز ملتاہے بلکہ اس کے اندر موجود اومیگا تھری فیٹی ایسڈز آپ کی جِلد کو تروتازہ، ہائیڈریٹ اورستواں رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ جن لوگوں کو انفلیمیشن (جِلد میں جلن یاسوزش) کا مسئلہ یعنی ایکنی اور ایکزیما ہو، ان کے لیے یہ زبردست بوسٹر کا کام کرتاہے۔ اس کے علاوہ تخمِ بالنگا میں سلیکا بھی ہوتا ہے، جو مربوط ٹشوز یعنی عضلات کی بناوٹ میں کردار ادا کرتاہے، اسی لیے یہ آپ کے بالوں، جِلد اور ناخنوں کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔

انڈے

دنیا بھر میں ناشتے میں انڈوں کا استعمال بہت مرغوب سمجھا جاتا ہے اور ہرکوئی اسے طرح طرح کی ریسیپی سے بناکر لطف اُٹھاتا ہے لیکن اگر آپ انڈوں کا ناشتہ نہیں کرتے تو آپ کو یہ فوراً شروع کردینا چاہئے۔ انڈوں کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس سے مختلف قسم کے ناشتے بن سکتے ہیں اورآپ بور نہیں ہوتے۔ 

غذائیت کی بات کریں تو انڈے پروٹین کا بہترین ذریعہ ہیں اور صبح کے وقت انڈوں سے حاصل ہونے والا پروٹین آپ کے دن بھر کے بلڈ شوگر لیول کو نارمل سطح پر برقرار رکھتا ہے اور یہ آپ کے ہارمونز پر منفی اثرنہیں ڈالتا۔ یہ کولا جن پیدا کرنے کے عمل میں بھی تیزی لاتے ہیں، جو جِلد کو جواں رکھنے میں مددگار ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ انڈے وٹامن ڈی کا بہترین ذریعہ بھی ہیں۔

ریڈ اسموتھیز

ریڈ اسموتھیز میں لال غذائیں جیسے کہ تربوز اورچقند ر شامل ہوتے ہیں۔ چقندر فائبر سے بھرپور ہوتا ہے، جس میں کیلوریز بھی کم ہوتی ہیں۔ درج بالا طریقے کے مطابق نصف کپ اِسکمڈ ملک، نصف کپ گریک یوگرڈ، ایک کپ کٹا ہوا تربوز اور ایک سلائس چقند رملا کر انہیں بلینڈ کرلیں۔ 

چقندر کا ذائقہ چونکہ اکثر لوگوں کو اچھا نہیں لگتا، اسی لیے تربوز شامل کرنے سے چقند ر کا ذائقہ دب جاتاہے اور آپ کو ایک مزیدار اسموتھی نوش کرنے کو مل جاتی ہے۔ چقندر کے استعمال سے خون کے سرخ خلیوں میں اضافہ ہوتا ہے، خون پتلا ہوتا ہے اور اس کے دورانیہ میں اعتدال آتا ہے، جس کی وجہ سے بلڈ پریشر کنٹرول میں اور انسان صحت مند رہتا ہے۔

صحت سے مزید