کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویزن کی جانب سے کراچی پریس کلب سے مزار قائد تک بانی پی ٹی آئی کی رہائی، عدلیہ کی آزادی، آئین کی بالادستی کے لئے ریلی نکالی گئی، قیادت پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ، کراچی ڈویزن کے صدر راجا اظہر، جنرل سیکریٹری ارسلان خالد، خرم شیر زمان، فہیم خان، پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی ، سینئر رہنمائوں ، کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،کراچی کے مختلف علاقوں سے چھوٹی بڑی ریلیاں پریس کلب پہنچیں ، ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہمیں آئین پاکستان نے پر امن احتجاج کرنے کا حق دیا ہے ہم نےآج اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے ریلی نکالی ہے ، جب کراچی کے عوام نکلیں گے تو کپتان بھی جیل سے رہا ہونگے، کراچی کے عوام نے ہمیشہ بانی کا ساتھ دیا ہے عام انتخابات میں بھی کراچی کے عوام نے بھاری مینڈیٹ سے پی ٹی آئی کو 22 قومی اسمبلی اور 35 صوبائی اسمبلی کی نشتیں جتوائی تھیں جو ایک سازش کے تحت جعلی فارم 47 کے تحت چھینی گئیں ، حلیم عادل شیخ نے کہا کہ آج میرے گھر پر پولیس کی بھاری نفری نے چھاپہ مار ا ، ہم پرامن شہری ہیں جو آئین پاکستان ہمیں حق دیتا وہ استعال کر رہے ہیں، انہوں نے کہا گزشتہ روز بھی راولپنڈی میں ظلم کی انتہائی کی گئی پرامن پاکستانی شہریوں پر شیلنگ اور فائرنگ کی گئی جس کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔