کراچی(نیوز ڈیسک)پاکستان ہائپرٹینشن لیگ کے صدر اور چیئرمین کارڈیالوجی ڈپارٹمنٹ پروفیسر محمد نواز لاشاری نے کہا ہے کہ امراض قلب میں نہ صرف ہمارا دل، بلکہ ہمارے دماغ اور گردے سمیت خون کی گردش بھی متاثر ہوتی ہے،کم آمدن والے ممالک اور متوسط طبقے کے لوگوں میں یہ بیماریاں روز بروز بڑھتی جارہی ہیں، کیونکہ ہم اپنے طرز زندگی پر توجہ نہیں دے رہے، انہوں نے کہا کہ بیٹھے رہنے والے طرز زندگی سے موٹاپا بڑھ رہا ہے، جو دل کی بیماریوں کا باعث بنتا ہے،یہ باتیں انہوں نے ڈاؤ یونیورسٹی اور ہیلپ انٹرنیشنل ویلفیئرٹرسٹ کے اشتراک سےمقامی ہوٹل میں امراضِ قلب سے متعلق آگاہی کے حوالے سے منعقدہ سمپوزیم میں کہیں، اس موقع پر پاکستان ہائپرٹینشن لیگ کے پیٹرن پروفیسر ڈاکٹر محمد اسحٰق اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس شیخ بھی موجود تھے ، خطاب میں ڈاکٹر نواز لاشاری نے کہا کہ ہر کوئی علاج کی استطاعت نہیں رکھتا، ڈاکٹر نواز لاشاری کا کہنا تھا کہ ہم نے اس حوالے سے کچھ ورکشاپس کا اہتمام کیا ہے کہ ہارٹ اٹیک کے وقت کیسے ابتدائی طبی امداد مہیا کی جائے۔