• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی سی کے مبینہ ناروا رویہ کے خلاف شہباز شریف ہسپتال کے ملازمین کا مظاہرہ

ملتان (سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ شہباز شریف ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ملازمین نے ڈپٹی کمشنر ملتان کے مبینہ ناروا رویہ کے خلاف گزشتہ روز احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرہ میں درجنوں ملازمین جن میں پیرامیڈیکل سٹاف ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ شامل تھا جنھوں نے ڈپٹی کمشنر ملتان کے خلاف نعرہ بازی کی اور مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر متاثرہ ٹرینی ڈسپنسر سے معافی مانگیں ،بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا ،واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر ملتان پر ہسپتال کے دورہ کے دوران کم ادویات دینے کی شکایات پر ٹرینی ڈسپنسر محمد عاطف کو تھپڑ مارنے کا الزام ہے ،احتجاجی ملازمین نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ڈی سی کے اس رویہ کا نوٹس لیا جائے اور انہیں فوری یہاں سے تبدیل کیا جائے۔اس موقع پر پی ایم اے کے سینئر رہنما ڈاکٹر مرتضیٰ بلوچ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کا رویہ انتہائی افسوس ناک ہے ، اگر کوئی شکایت تھی تو اس کا قانونی طریقہ موجود ہے، دریں اثناء ملازمین آ ج منگل کو بھی ہسپتال کے مین گیٹ پر سیاہ پٹیاں باندھ کر مظاہرہ کریں گے۔
ملتان سے مزید