راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)راولپنڈی پولیس لائن میں گولیاں چل گئیں ۔سی ٹی ڈی کے سپرنٹنڈنٹ کے بیٹے نے فائرنگ کرکے پولیس انسپکٹر کے بیٹے سمیت دوافراد کوزخمی کردیا۔تھانہ سول لائنز کو سب انسپکٹر محمدتنویر متعینہ پولیس لائن نمبر 1 نے بتایا کہ میں اور اے ایس آئی شاہد محمود بسلسلہ چیکنگ ڈیوٹی مین انیکسی گیٹ پر موجود تھے کہ فٹ بال گراؤنڈ میں کچھ لڑکے کھیل رہے تھے ۔ اچانک گراؤنڈ کی جانب سے لڑائی جھگڑے اور فائرنگ کی آواز سنائی دی ۔ ہم وہاں پہنچے تو دو لڑکے مدثر ولد زوار علی اور احمرولد محمد نواز زخمی حالت میں تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ ارسل ولد امتیاز علی سکنہ پولیس کا لونی نے فائرنگ کرکے ہمیں زخمی کیا ۔ وجہ عناد سابقہ رنجشہے۔ملزم ارسل کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی آفس میں تعینات سپرنٹنڈنٹ سردار امتیاز علی کابیٹا بتایاجاتاہے جب کہ زخمی احمر سابق ایس ایچ او گوجرخان انسپکٹر ملک نوازکا بیٹا ہے۔ادھر ذرائع کاکہنا ہے کہ سی پی او نے تحقیقات کاحکم دے دیاہے کہ دوسال سے زیادہ عرصہ سے سی ٹی ڈی میں تعینات سپرنٹنڈنٹ سے اب تک پولیس کالونی کا کوارٹر خالی کیوں نہیں کروایاگیا ۔انہوں نے مذکورہ کوارٹر فوری طور پر خالی کرانے کی ہدایت بھی کی ہے۔