• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی پارلیمانی فنڈز کا غلط استعمال، دائیں بازو کی فرانسیسی رہنما کا ٹرائل

پیرس ( رضا چوہدری ) فرانس کی انتہائی دائیں بازو کی رہنما و صدارتی امیدوار میرین لی پین نے کہا ہے کہ سیاست کے میدان میں مخالفین کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خائف ہوکران کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کرکے میڈیا ٹرائل کرنا اچھی روایت نہیں۔ وہ اپنے خلاف یورپی پارلیمانی فنڈز کے غلط استعمال کے الزام پر دائر ریفرنس ٹرائل شروع ہونے پر میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں۔ ان پر پیرس میں مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔ پارٹی کی 20سے زائد دیگر سینئر شخصیات کو بھی ان الزامات کا سامنا ہے۔ میرین لی پین پر الزام ہے کہ انہوں نے ایسے معاونین کی خدمات حاصل کیں جو پارٹی کے امور پر کام کرتے تھے نہ کہ یورپی پارلیمنٹ کیلئے جس نے انہیں تنخواہ دی تھی، اگر لی پین کو قصوروار پایا گیا تو انہیں جرمانے اور قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور ممکنہ طور پر ان کو 10 سال تک عہدے کیلئے نااہل قرار دیا جا سکتا ہےکیونکہ وہ 2027کے الیکشن کیلئے صدارتی امیدوار بھی ہیں، اس سال یورپی یونین کے انتخابات میں ان کو بھاری اکثریت حاصل ہوئی۔ صدر میکرون نے قومی اسمبلی کے قبل از وقت انتخابات کرائے تھے جس کے پہلے راؤنڈ میں بھی میرین لی پن کو اکثریت حاصل ہوئی مگر دوسرے راؤنڈ میں ان کی جماعت تیسری پوزیشن پر چلی گئی، ان کی پارٹی کے ترجمان لورینٹ جیکوبیلی نے کہا کہ ہم یہ ثابت کرنے جا رہے ہیں کہ یورپی یونین سے رقم غبن کرنے کا کوئی نظام نہیں ہے۔ لی پین کو طویل عرصے سے پارٹی رہنما اور یورپی یونین کے سابق قانون ساز کی حیثیت سے مقدمے کا سامنا ہے۔ استغاثہ کا الزام ہے کہ پارلیمانی معاون کے طور پر رکھے گئے لوگوں میں سے ایک دراصل لی پین اور اس کے والد کے محافظ کے طور پر کام کر رہا تھا۔ استغاثہ 3m یورو (£2.5m) سے زیادہ کی وصولی کی کوشش کر رہے ہیں۔ RN نے پہلے ہی 1m یورو (£834,000) واپس کر دیئے ہیں جو اس کے بقول جرم کا اعتراف نہیں تھا۔ مقدمے کی سماعت تقریباً دو ماہ تک جاری رہنے کی امید ہے۔
یورپ سے سے مزید