اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مہنگائی کی شرح 44 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کے اجراء سے معیشت میں مزید استحکام آئے گا‘پاکستان کی ترقی کا سفر 2018 میں جہاں رکا تھا، وہیں سے دوبارہ شروع ہو چکا‘ پاکستان کے ڈیفالٹ کی خواہش کرنے والوں کا منصوبہ ناکام ہوا‘ مہنگائی کی شرح 6.9 فیصد ہونے سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا‘ شرح سود کم ہونے سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔
وزیر اعظم نےستمبرمیں مہنگائی کی سالانہ شرح 6.9 فیصد ہونے پر حکومت کی معاشی ٹیم کی پذیرائی کی ہے ۔
اگست 2024 میں 34 ماہ میں پہلی مرتبہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد آئی، ستمبر 2024 میں گزشتہ 44 ماہ میں مہنگائی کی کم ترین شرح 6.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
منگل کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کا کہناتھاکہ اللہ کے فضل و کرم سے عوام سے کئے گئے عہد کی پاسداری میں کامیابی ملنا شروع ہو گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی متواتر کمی سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔