لاہور( نمائند ہ جنگ ) حکومت پنجاب نے سنگین سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر صوبہ کے 5 اضلاع میانوالی، فیصل آباد، بہاولپور، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ میں دفعہ 144نافذ کر دی ہے۔ پنجاب کے ان پانچ اضلاع میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق میانوالی میں یکم سے 7 اکتوبر تک دفعہ 144نافذ کی گئی ہے جبکہ یکم سے 3اکتوبر تک پاکستان رینجرز پنجاب کی 2کمپنیاں بھی میانوالی میں سکیورٹی ڈیوٹیز سر انجام دیں گی۔ اسی طرح متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی درخواست پر فیصل آباد، بہاولپور، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 2 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔ ان چار اضلاع میں بدھ 2 اکتوبر سے جمعرات 3 اکتوبر تک ہر قسم کے سیاسی اجتماعات پر پابندی ہو گی۔