کوئٹہ(پ ر)ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان نعمان اسلم نے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعدنیب سب آفس چمن کا دورہ کیا اور سب آفس کے قیام، پیشہ ورانہ امور و دیگر سرگرمیوں کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا۔ سب آفس چمن کے آفیسر انچارج کی جانب سے ڈی جی نیب بلوچستان کو تفصیلی بریفنگ دی گئی جس پر سب آفس کی مجموعی کارکردگی کو سراہا گیا۔ چمن میں چلائی جانے والی بدعنوانی کے خلاف آگاہی مہم کی پذیرائی کی گئی جس کا بنیادی مقصد بدعنوانی کے خلاف سماجی رویوں کو نا پسندیدگی سے نفرت میں تبدیل کرنا ہے۔ چمن میں سب آفس قیام چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا ہے ،ڈی جی نیب بلوچستان کو ڈپٹی کمشنر چمن، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سینئر حکام و دیگر محکموں کی جانب سے بھی بریفنگ دی گئی اور بدعنوانی کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان نے کہا کہ چیئرمین نیب نے چمن میں احتساب کا مربوط نظام قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے بدعنوانی کی روک تھام، کاروبار میں آسانی پیدا کرنے، پبلک سیکٹر کے منصوبوں میں شفافیت کو بڑھانے اور جوابدہی کے کلچر کو فروغ دینے میں چمن سب آفس کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ چمن ایک ڈرائی پورٹ سٹی ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اہم کاروباری مرکز بھی ہے جو پاکستان کو افغانستان کے راستے وسط ایشیائی ریاستوں سے ملاتا ہے اور مستقبل میں ایک بڑے تجارتی مرکز بننے کی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہےتاہم بدعنوانی اس کامیابی کے سفر میں ایک بنیادی رکاوٹ ہے۔