لندن(نمائندہ جنگ) وزیر اعظم سر کیئر سٹارمر سلامتی، تحفظ اور خوشحالی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے یورپی یونین کے ساتھ برطانیہ کے تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے برسلز کے دورے پر روانہ ہوگئے ۔دورہ کا مقصد یورپی یونین کے رہنماؤں کے ساتھ اگلے چند ماہ کیلئے عزائم پر بات کرنا ہے اور وہ Brexit سے آگے بڑھنے کیلئے پُرعزم ہیں۔ وزیر اعظم یورپی یونین کے رہنماؤں کے ساتھ پرجوش اور بہتر تعاون کے خواہاں ہیں لیکن واضح رہے کہ سنگل مارکیٹ، کسٹم یونین یا نقل و حرکت کی آزادی میں کوئی واپسی نہیں ہوگی۔ وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون کی اہمیت اور برطانوی عوام کے فائدے کیلئے یورپی یونین کے ساتھ زیادہ عملی اور پختہ تعلقات قائم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ دریں اثنا یورپی یونین نے کیئر اسٹارمر کو نوجوانوں کی نقل و حرکت کی اسکیم کے دروازے کھولنے کیلئے دباؤ ڈالا ہے، یورپی سیاست دانوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی اسکیم EU-UK تعلقات میں نیک نیتی کی علامت ہوگی۔ کیئر اسٹارمر پر یہ دباؤ ہے کہ وہ یورپی نوجوانوں کی نقل و حرکت کی اسکیم کیلئے کھلے ہیں کیونکہ وہ بطور وزیر اعظم پہلی بار برسلز کا سفر کر رہے ہیں۔