کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) ہیلتھ کارڈ بلوچستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسرڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ صحت کارڈ کے پینل پر موجود ہسپتالوں میں مریضوں اور عوام کی سہولت کیلئے کاؤنٹرز قائم کئے جارہے ہیں کسی بھی شکایت کی صورت میں عوام ہیلپ لائن پر شکایات درج کرائیں جس کا بروقت ازالہ کیا جائے گاانہوںنے بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف نیفرویورولوجی ہسپتال کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صحت کارڈ کے تمام انتظامی و مالی امور کی شفافیت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے کوئی بھی خلاف ضابطہ اقدام قابل قبول نہیں ہوگاانہوں نے مثالی طبی خدمات پر بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف نیفرو یورولوجی کی انتظامیہ ، ڈاکٹرز اور طبی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ملک کامثالی ادارہ ہے بیونک کی ٹیم اپنی شاندار کارکردگی کے ساتھ ایک اعلیٰ معیار قائم کر رہی ہے انہوں نےہسپتال میں قائم بلوچستان ہیلتھ کارڈ کے کاؤنٹر پر داخل مریضوں کی فہرست کا معائنہ کیا اور سی ای او پروفیسر ڈاکٹر سید لیاقت آغا اور ڈاکٹر فیصل سے ملاقات میں صحت کارڈ کے نظام اور گردے کی پیوند کاری سے متعلق اہم مسائل پر بات چیت کی ۔