کراچی (اسٹاف رپورٹر) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے قائم مقام ناظم امتحانات ظہیر الدین بھٹو نے جماعت دہم سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات جماعت دہم برائے سال2024ء کے نتائج کے اجراء کا اعلان کر دیا۔ یہ نتائج بورڈ کی ویب سائیٹ پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ اس سال سائنس گروپ کے امتحانات میں 163012امیدوار رجسٹرڈ ہوئے اور 162026امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جبکہ 933 امیدوار غیر حاضر رہے اور 29455امیدوار فیل قرار پائے۔اس سال سائنس گروپ میں دہلی گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول کریم آباد ایف بی ایریا کے حافظ عبدالرافع ولد طارق محبوب رول نمبر 310773 نے 94.55 فیصد نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن، اسی طرح الخلیل ماڈل اسکول شمسی سوسائٹی ملیر ہالٹ کی رومیسہ عمران بنت محمد عمران رول نمبر 453587 نے 94.27 فیصد نمبر حاصل کر کے دوسری پوزیشن جبکہ لٹل فولکس اسکول بلاک ایف نارتھ ناظم آباد کی رخسار بنت عبداللہ رول نمبر 432054 نے 93.18 فیصد نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تفصیلات کے مطابق سائنس گروپ کے امتحانات میں 85743طلباء اور 77269طالبات شامل ہوئے جبکہ کامیابی کا تناسب 81.23فیصد رہا۔ کامیاب امیدواروں میں 23943اے ون گریڈ، 45357 اے گریڈ، 37595 بی گریڈ، 20837 سی گریڈ، 4031ڈی گریڈاور 25نے ای گریڈ حاصل کیا۔تمام پرچوں میں کامیاب امیدواروں کی تعداد 131614 ہے۔