راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) ڈینگی فوکل پرسن اور رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے ہو لی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا۔ رکن قومی اسمبلی ملک ابرار اور پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت شازیہ رضوان بھی ہمراہ تھیں۔ طاہرہ اورنگزیب نے ڈینگی وارڈ کے دورہ میں مریضوں سے گفتگو کی اور ان سے علاج کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ ایم ایس ہولی فیملی نے ڈینگی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں راولپنڈی ضلع کے 70فیصد اور دیگر علاقوں سے آئے ہوئے 30فیصد مریض زیرعلاج ہیں۔ طاہرہ اورنگزیب‘ شازیہ رضوان اور ملک ابرار نے شہر کی مختلف لیبارٹریز کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈینگی فوکل پرسن طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ڈینگی کا ٹیسٹ 90روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اگر کوئی اس سے زیادہ فیس وصول کرتا پایا گیا تو اُس لیب کے خلاف کارروائی ہو گی۔ ڈینگی ایک جان لیوا بیماری ہے جس کیخلاف ہم سب کو مل کر نمٹنا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لوگوں کی سہولت کیلئے لیب کے باہر پینا فلیکس لگائے جائیں جن پر لکھا ہو کہ ڈینگی کا ٹیسٹ 90روپے کا ہوتاہے۔