راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) حکومت برطانیہ و مشرق وسطیٰ کے ادارے پاکستان میں 280سکلز سنٹر بنا کر لاکھوں پاکستانیوں کو دنیا بھر میں نوکریاں فراہم کرائیں گے۔ اس امر کا اظہار حکومت برطانیہ کے وفد نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) اور وفاقی نظامت تعلیم کے دورہ میں کیا۔ ٹیوٹا اور تعلیم میں ممکنہ تعاون پر پاکستان سے بات چیت کیلئے برطانیہ کا اعلیٰ سطحی وفد پاکستان کے دو روزہ دورے پر ہے۔ وفد میں لارڈ بوٹینگ، ہاؤس آف لارڈز کے ممبر وینڈی تھامسن، یونیورسٹی آف لندن کی وائس چانسلر، یونیورسٹی آف گرین وچ کے وائس چانسلر پروفیسر پیٹر ایڈورڈ، کوئین میری یونیورسٹی کے ڈپٹی وائس چانسلر پروفیسر رچرڈ گروس، ٹونی ڈیگازون، سٹی اینڈ گلڈز کے ریجنل ڈائریکٹر، ڈاکٹر عامر، جی ای ایم ایس مشرق وسطیٰ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شامل ہیں۔ وفد کے دورے کا مقصد پاکستان میں صنعت کی ضروریات کے مطابق مہارت کی ترقی کے اقدامات کرنا ہیں۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی، چیئر پرسن نیو ٹیک مس گلمینہ بلال اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک عامر جان نے وفد سے بات چیت کی۔ وفد کو بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی اور مشیر رانا مشہود کی ترجیحات ہیں کہ پاکستان کے زیادہ سے زیادہ افراد کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے اعلی تربیت فراہم کی جائے تاکہ یہ افراد نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنی خدمات کو احسن انداز میں پیش کر سکیں۔ وفد نے بتایا کہ پاکستان میں 280اعلیٰ ترین سکلز سنٹرز بنائے جائیں گے جن میں کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کرنے والے امیدواروں کو نہ صرف پاکستان بلکہ برطانوی یونیورسٹیوں کی جانب سے مشترکہ سرٹیفکیٹ دیئے جائینگے۔ پہلے مرحلے میں دبئی سمیت خلیج کے مختلف ممالک کے اداروں کیلئے سکیورٹی، مہمان نوازی، تعمیرات اور ویٹرنری، نرسنگ اور دبئی پولیس کیلئے 80ہزار نوکریاں بھی کامیاب امیدواروں کو دی جائینگی جس کیلئے پہلے سے معاملات طے کر لئے گئے ہیں۔ وفد نے کہا کہ گلف سمیت دنیا بھر میں جہاں جہاں ہنر مند افراد کی ضرورت ہوگی وہاں انہیں سکلز سنٹرز سے افرادی قوت فراہم کی جائے گی۔ وفد کے ارکان کی بعدازاں کراچی میں وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کے ساتھ اہم ملاقات ہو گی تاکہ سٹرٹیجک پارٹنرشپ پر تبادلہ خیال کیا جا سکے جو پاکستان کے پیشہ ورانہ تربیت کے فریم ورک کو مضبوط کریگا اور عالمی جاب مارکیٹ کیلئے افرادی قوت کو ضروری مہارتوں سے آراستہ کریگا۔