اسلام آباد (جنگ نیوز) صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ناصر قریشی اور سابق صدر احسن بختاوری نے سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملکی استحکام کیلئے کردار ادا کریں اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ہر طرح کے احتجاج کو موخر کیا جائے۔ وہ جناح سپر مارکیٹ ٹریڈرز ویلفیئر ایسو سی ایشن کے صدر اسد عزیز کے ظہرانے سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر چیئرمین فائونڈر گروپ خالد اقبال ملک، سابق صدر زبیر ملک، اعجاز عباسی، سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری‘ عبد الرحمان صدیقی، ناصر چوہدری نے بھی خطاب کیا۔ احسن بختاوری نے کہا کہ ایس سی او اجلاس سے پاکستان کو مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور اقتصادی ترقی کے نئے مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ اسلام آباد کو احتجاجوں سے بچانے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں مل کر لائحہ عمل تشکیل دیں تاکہ شہر بند بھی نہ کرنا پڑے او ر احتجاج کا آئینی حق استعمال کرنے کا راستہ بھی کھلا رہے۔ ظہرانے میں راجہ حسن اختر، راجہ جاوید اقبال، وحید چیمہ، نجیب الٰہی ملک، سردار طاہر محمود اور دیگر بھی موجودتھے۔