• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اساتذہ تعلیمی ترقی اور بہتر مستقبل کیلئے سنجیدگی سے کوشش کریں‘ ملک ابرار احمد

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) ملک و ملت کی تعلیمی ترقی اور بہتر مستقبل کیلئے سنجیدگی سے کوششیں کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر ملک ابرار حسین نے عالمی یوم استاد کے موقع پر معماران ملت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ اکتوبر کو دنیا بھر میں اساتذہ کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر اساتذہ سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ پاکستان کی تعلیمی ترقی اور نسل نو کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے مزید اقدامات اٹھائیں۔ یہ پیشہ پیغمبری ہے جس سے وابستہ افراد کو بچوں کی کردار سازی اور عالمی معیار کے مطابق تیاری میں مدد کرنی چاہئے تاکہ ہمارے بچے بھی دنیا کے مقابلے میں سر اٹھا کر کھڑے ہو سکیں۔ اسی طرح حکومت کو بھی چاہئے کہ اساتذہ کی فلاح و بہبود کیلیے ٹھوس اقدامات اٹھائے اور انکے بچوں کے مستقبل کی بہتری کیلئے بھی اساتذہ کی مدد کریں۔ اساتذہ کیلئے بہتر روزگار، خوراک اور رہائش کے انتظامات حکومت وقت کی بنیادی ذمہ داری ہے جس کیلئے اسے اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہئے۔ ملک ابرار حسین نے کہا کہ یوم استاد کے موقع پر نجی شعبہ تعلیم کی جانب سے قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ ملک میں شرح خواندگی میں اضافہ، تعلیمی ترقی اور نسل نو کی تعلیمی آبیاری کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔ عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر اساتذہ برادری کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
اسلام آباد سے مزید