راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن راولپنڈی اسلام آباد چیپٹر کے وفدنےایگزیکٹو ممبرعمارہ اظہر اورکزئی کی سربراہی میں اڈیالہ جیل کا دورہ کیا ۔وفد میں ساجد اقبال، ارسان اکبر ایڈووکیٹ اور عبداللہ اظہر شامل تھے جبکہ راجہ مجاہد اور شہزاد احمد نے وفد کی معاونت کی۔وفد نے جیل سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم سے ملاقات کی۔وفد کو بتایا گیا کہ اڈیالہ جیل میں 8 ہزار سے زیادہ قیدی ہیں جن میں 200 ایسے قیدی ہیں جن کی سزائیں پوری ہو چکی ہیں لیکن جرمانہ ادا نہ کر نے کی وجہ سے وہ پابند سلاسل ہیں، کچھ قیدی ایسے بھی ہیں جو عدالتوں سے ضمانتیں ہونے کے باوجود مچلکے جمع نہیں کروا سکے۔ عمارہ اورکزئی کاکہنا تھاکہ انصاف تک رسائی پروگرام کے تحت وہ ان 200 قیدیوں کی رہائی کو یقینی بنائیں گی۔