• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلوی جوڑے کو فیس بک سے 57 سال بعد شادی کی گمشدہ ویڈیو مل گئی

 
فوٹو بشکریہ بی بی سی
فوٹو بشکریہ بی بی سی

آسٹریلوی جوڑے کو فیس بک پوسٹ کے ذریعے 57 سال بعد اپنی شادی کی گمشدہ ویڈیو مل گئی۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی جوڑے کی 1967ء میں ہوئی شادی کی گمشدہ ویڈیو اسکاٹ لینڈ میں انتہائی غیر متوقع طریقے سے منظر عام پر آئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسکاٹ لینڈ کے شہر ابرڈین سے تعلق رکھنے والے ایک ٹیری شین نامی شہری رواں سال اپریل میں اپنے پاس موجود  پرانی ویڈیوز کو ڈی وی ڈی میں منتقل کر رہے تھے تو انہیں ایک شادی کی ویڈیو بھی ملی لیکن وہ یہ نہیں پہچان سکے کہ ویڈیو کس کی شادی کی ہے۔ 

جس کے بعد ٹیری شین نے شادی کی ویڈیو میں سے ایک تصویر لے کر اپنے مقامی لوگوں کے ایک فیس بک گروپ میں پوسٹ کر دی مگر 6 ماہ تک اس تصویر کے بارے میں کچھ بھی پتہ نہیں چل سکا۔

فوٹو بشکریہ بی بی سی
فوٹو بشکریہ بی بی سی

حال ہی میں اس تصویر پر آسٹریلیا کے شہر برسبن کی رہائشی 77 سالہ خاتون ایلین کی نظر پڑی تو وہ حیران رہ گئیں اور اُنہوں نے یہ تصویر اپنے شوہر بل ٹرنبُل کو بھی دکھائی۔

اس حوالے سے ایلین نے برطانوی میڈیا کو انٹرویو میں بتایا کہ مجھے مقامی لوگوں کے اس گروپ کا ممبر بنے پس 5 منٹ ہی ہوئے تھے کہ اس گروپ میں شیئر کی گئی میری شادی کی تصویر سامنے آگئی۔

اُنہوں نے بتایا کہ جب میں فیس بک استعمال کر رہی تھی تو میرے شوہر بھی میرے ساتھ ہی بیٹھے تھے تو میں نے فوراََ اپنی شادی کی تصویر اُنہیں دکھائی۔

ایلین اور بل ٹرنبُل نے میڈیا کو یہ بھی بتایا کہ اُنہوں نے اپنی شادی کی ویڈیو صرف ایک بار ہی دیکھی تھی کیونکہ غلطی سے ان کی شادی کی ویڈیو مانگ کر لائے گئے پروجیکٹر میں رہ گئی تھی اور پھر اس پروجیکٹر کے مالک کے پاس چلی گئی تھی۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ایلین اور  بل ٹرنبُل 1967ء میں اسکاٹ لینڈ کے شہر ابرڈین میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے اور بعد میں آسٹریلیا کے شہر برسبن منتقل ہوگئے تھے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید