کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)براہوئی قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ میر شکر خان رئیسانی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حب میں براہوئی قومی اتحاد کے جلسے کے پنڈال میں توڑ پھوڑ ، منتظمین کے گھروں پر چھاپوں اور چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی کا نوٹس لیا جائے یہ بات انہوں نے اتوار کو مرکزی جنرل سیکرٹری براہوئی اسٹوڈنٹس فیڈریشن زگر ابراہیم ، عنایت لہڑی ، عبدالروف شاہوانی ، حلیم شاہوانی ، فاروق پرکانی اور دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے براہوئی قوم و زبان ایک صدی سے استبداد زمانہ کا شکار رہی ہے براہوئی اسٹوڈنٹس فیڈریشن 1988ء سے جدوجہد کرتی آرہی ہے ، چند ہفتے پہلے حب میں بھی براہوئی قومی اتحاد بلوچستان کے نام سے ایک تنظیم تشکیل دی گئی جس کے زیر اہتمام جلسے کیلئے پنڈال تیار کیا گیا جس پر ایک بااثر سیاسی شخص اور پولیس نے پنڈال کو اکھاڑ دیا اور جلسے کے منتظمین اور رضاکاروں کے گھروں پر چھاپے مار کر چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا جس کی مذمت کرتے ہیں اگر حکومت نے اس کانوٹس نہ لیا تو سخت احتجاج پرمجبورہونگے۔