• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چشمہ اچوزئی واقعہ کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے، نواب سلمان خلجی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سینئر نائب صدر نواب سلمان خان خلجی نے چشمہ اچوزئی واقعے میں بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئےمطالبہ کیا ہے کہ واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ، لوگوں کے نقصانات کا ازالہ کیا اور معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کو وسعت دیتے ہوئے بلوچستان اسمبلی ، گورنر ہاؤس اور پریس کلب کے سامنے احتجاج پر مجبور ہوں گے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ نواب سلمان خان خلجی نے کہا کہ گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے چشمہ اچوزئی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈہ کیا گیا کہ افغان مہاجرین احتجاج کررہے ہیں ، واقعہ میں مبینہ طور پر نام نہاد زمین مالکان نے مظاہرین پر فائرنگ کی ،دوسری جانب ہمارے معتبرین کو تھانے میں مذاکرات کیلئے بلاکر گرفتار کیا گیا جو کہ درست اقدام نہیں ۔انہوں نے کہا کہ کئی گھنٹے تک کوئی سرکاری نمائندہ نہیں آیا بلکہ لوگوں سمیت مظلوموں کے حق میں آواز اٹھانے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی جس کی مذمت کرتے ہیں ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ 600 سے 700 گھرانوں پرمشتمل آبادی کے مکین گزشتہ 40,45 سال سے رہائش پذیر ہیں ، آپریشن کے دوران لوگوں کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا اور ہمارے خلاف بلا جواز طور پر کار سرکار میں مداخلت اور دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ مطالبات پورے نہ ہوئے تو بلوچستان اسمبلی ، گورنر ہاؤس اور کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے ۔
کوئٹہ سے مزید