• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی کارکنوں کو ہراساں، دفتر سیل کرنا حکومتی بوکھلاہٹ ہے ،بی این پی

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان نیشنل پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبر و ضلعی صدر کوئٹہ غلام نبی مری اور ضلعی انفارمیشن سیکرٹری نسیم جاوید ہزارہ نے پی ٹی آئی کے صوبائی صدر داود شاہ کاکڑ کے گھر پر چھاپہ مارنے اور چادر و چاردیواری کے تقدس کو پامال کرنے، پی ٹی آئی کے صوبائی سیکرٹریٹ کو سیل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی کارکنوں کو ہراساں کرنا اور دفتر کو سیل کر دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے پشتون تحفظ موومنٹ پر بین لگانے کے ناروا عمل کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا آمرانہ فیصلہ اور بہ یک جنبش قلم کسی عوامی موومنٹ پر بین لگانا جمہوریت اور جمہوری عمل پر شب خون مارنے کے مترادف ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے ہم ایسی غیر جمہوری پالیسی اور غیر جمہوری عمل کو مسترد کرتے ہیں، جمہوری عمل پر مسلسل قدغن لگانے اور الیکشن میں مبینہ مداخلت کرکے فارم 47 کے تحت بولی لگانے والوں کو اسمبلیوں میں لانے کی حالیہ بدترین مثال نے اس ملک کو عالمی سطح پر جس بدنامی اور رسوائی سے دوچار کیا ہے اس سے عبرت حاصل کرنے کی بجائے سیاسی جماعتوں اور عوامی تحریک پر قدغن لگایا جا رہا ہے۔ اس سے پتہ چل رہا ہے کہ ملک برائے نام جمہوریت ہے مگر عملی طور پر مارشل لا نافذ ہے جس میں جمہوریت، حق اور سچائی، انصاف اور جمہور کا گلا گھونٹا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی مسئلہ طاقت کے بل بوتے حل نہیں ہو سکتا بلکہ ہر مسئلے کا حل مذاکرات ہیں ۔
کوئٹہ سے مزید