کراچی( اسٹاف رپورٹر )پولیس اہلکار سے لوٹ مار کرنے والا مبینہ ڈکیت اہلکار کی فائرنگ سے مارا گیا،پولیس نے مبینہ مقابلوں میں 5 زخمیوں سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ ،موبائل فون اور موٹر سائکلیں برآمد کرلیں ،تفصیلات کے مطابق الفلاح تھانے کی حدود ملت گارڈن کے قریب دو ملزمان نے پولیس اہلکار سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کر کے اسے زخمی کر دیا،زخمی اہلکار نے ملزمان پر جوابی فائرنگ کی جس سے ایک ڈکیت زخمی ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا، اسپتال میں دوران علاج ڈاکو حسیب نے دم توڑ دیا ،زخمی اہلکار کی شناخت کانسٹیبل واجد ولد عبد المجید کے نام سے ہوئی جو سیکورٹی ون میں تعینات ہے ،خواجہ اجمیر نگری پولیس نے رحمانیہ موڑ خواجہ اجمیر نگری کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی ڈاکو سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، شناخت جہانزیب اور عابد کے ناموں سے ہوئی،پولیس نے ایک پستول 30 بور، 5 موبائل فون اور موٹر سائیکل قبضہ میں لے لی ، دوسرے مقابلے میں ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ، شناخت اسلم مکھن اور عدنان کے ناموں سے ہوئی ہے، ملزمان سے ایک پستول نائن ایم ایم ، 5 موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ،سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا پولیس نے سپر ہائی وے اسکیم 33 کے قریب مبینہ مقابلے میں تین ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے ان کے قبضے سے تین پستول ،موٹر سائیکل اور رکشا برآمد کر لیا، شناخت نہال ،عبدالخالق اور ایاز ریاض کے ناموں سے ہوئی ہے، اسٹیل ٹاؤن پولیس نے مبینہ مقابلہ کے بعد1 زخمی سمیت 2 ملزمان محبوب علی اور بلاول چانڈیو کو گرفتار کرکے اسلحہ ،موٹر سائیکل اور چھینے ہوئے موبائل فونز برآمد کرلئے۔