اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) وفاقی بیوروکریسی میں تقرر و تبادلے کئے گئے ہیں۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کی گریڈ 20 کی افسر اورڈائریکٹر جنرل وفاقی محتسب سیکریٹریٹ، ریجنل آفس لاہور ڈاکٹر عائشہ سعید کا تبادلہ کر کے اُن کی خدمات ڈیپوٹیشن پر نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی، لاہور کے سپرد کی گئی ہیں، دریں اثناء پنجاب حکومت میں تعینات پا کستان ایڈ منسٹریٹو سروس کے افسر عمر جاوید کو گریڈ 19 کے ایکٹنگ چارج سے گریڈ 19 میں ریگولر ترقی دے کر تاحُکمِ ثانی پنجاب حکومت میں ہی خدمات جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دریں اثناء میڈیکل آفیسر محکمہٴ صحت خیبر پختونخواہ حکومت ڈاکٹر یوسف اشفاق کی خدمات 3 سال کیلئے ڈیپوٹیشن پر بطور میڈیکل آفیسر پمز ہسپتال اسلام آباد کے سپرد کی گئی ہیں جبکہ ویٹرنری آفیسر محکمہٴ لائیو اسٹاک خیبرپختونخوا حکومت ہاشم اللہ کی خدمات 3 سال کیلئے ڈیپوٹیشن پر بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اسلام آباد اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا حکومت کے لیکچرر (مطالعہ پاکستان) ساجد بشیر کی خدمات ڈیپوٹیشن پر ایک سال کیلئے فیڈرل ڈائریکٹریٹ آف ایجوکیشن اسلام آباد کے سپرد کی گئی ہیں۔