کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملتان ٹیسٹ میں بیٹسمینوں کا راج برقرار ہے ۔گراؤنڈ میں بچھے سبزقالین پر رنز کی بہار آئی ہوئی ہے۔ بولروں کو وکٹ حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔652 رنز بن چکے ہیں اور صرف گیارہ وکٹ گرے ہیں۔ پچ میں بظاہر کوئی جان دکھائی نہیں دے رہی۔ پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں556رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔انگلینڈ نے ایک وکٹ پر 96رنز بنالیے۔کپتان شان مسعود اورعبداللہ شفیق کی تقلید کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے جارحانہ انداز میں 108 گیندوں پر اپنی کیریئر کی تیسری ٹیسٹ سنچری مکمل کی، وہ 104 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے119گیندوں کا سامنا کیا ، تین چھکے اوردس چوکے مارے، ساتھ ہی انہوں ٹیسٹ میچوں میں ایک ہزار رنز بھی مکمل کر لیے۔ یہ کارنامہ انہوں نے 15 ویں ٹیسٹ اور 28 ویں اننگ میں انجام دیا۔ انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 40 اوورز میں 3 وکٹ160رنز دے کر حاصل کئے۔ گس اٹکنسن اور برائیڈن کارس نے 2،2 جب کہ کرس ووکس اور جو روٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں دوسرے دن کھیل کے اختتام پرانگلینڈ نے20 اوورز میں ایک وکٹ پر96رنز بنائے تھے۔ کپتان اولی پوپ عامر جمال کے غیر معمولی کیچ کی صورت میں نسیم شاہ کا شکار بنے۔ زیک کرالی64گیندوں پر11 چوکوں کی مدد سے 64 اور جوروٹ54گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے32رنز بناکر کھیل رہے ہیں۔ دونوں کی شراکت میں 92رنز بن چکے ہیں۔ ابرار احمد کے چار اوورز میں31رنز بن چکے ہیں۔ بین ڈکٹ ابرار احمد کا کیچ لینے کی کوشش میں انگوٹھا زخمی کرابیٹھے۔ قبل ازیں منگل کو پاکستان کی جانب سے دوسرے روز سعود شکیل اور نائٹ واچ مین نسیم شاہ نے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تھا، سعود شکیل نے اپنے کیریئر کی ساتویں نصف سنچری اسکور کی جب کہ نسیم شاہ 33 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔ دونوں نے پانچویں وکٹ پر 64 رنز کا اضافہ کیا ۔ محمد رضوان کھاتہ نہ کھول سکے۔ سعود شکیل 82 رنز کی اننگز کھیل کر شعیب بشیر کا شکار بنے ،عامر جمال7 ، شاہین شاہ آفریدی 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ انگلش وکٹ کیپر نے ابرار احمد کا آسان اسٹمپڈ چھوڑا۔ جبکہ اٹکنسن کیچ لینے میں ناکام رہے۔