کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سول سوسائٹی بلوچستان کے زیراہتمام گزشتہ روز کراچی ائیر پورٹ کے قریب چینی شہریوں پر ہونے والے دہشتگرانہ حملے کے خلاف منگل کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا ، اس موقع پر مظاہرین سے خطاب اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سول سوسائٹی بلوچستان کے رہنماء بابر خجک نے کراچی میں چینی شہریوں پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرے کا مقصد المناک واقعے کی مذمت و چائینز بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے ساتھ دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ بلوچستان کا نوجوان امن اور ترقی چاہتا ہے اور ترقی سے خوفزدہ ملک دشمن عناصر اس قسم کی دہشت گردانہ کارروائیاں کررہے ہیں بلوچستان کا نوجوان ایسے مذموم عزائم اور مقاصد سے باخبر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سازش کے تحت ہمیں قوم اور مذہب کے نام پر تقسیم کرکے کہا جاتا ہے کہ ہمارا استحصال ہورہا ہے استحصال اس وقت ہوتا ہے جب دہشت گرانہ ماحول پیدا کیا اور کچھ لوگ اس سے استفادہ کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج بلوچستان کا نوجوان دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتا ہے کہ بلوچستان کے لوگ امن کے خواہاں ہیں اور اس امن کیلئے نہ صرف بلوچستان کے نوجوان بلکہ تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں اور دہشت گردی کے واقعات کو مسترد کرتے ہیں ۔