• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کی کراچی ایئرپورٹ کے قریب حملے کی مذمت

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیوملر نے کہا کہ کراچی ایئر پورٹ کے قریب دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، پرامن اجتماع ، اظہار رائے کے حامی ہیں ، مظاہرین بھی تشدد سے گریز کریں، ترجمان سے سوال کیا گیا کہ مذہبی آزادیوں کی خلاف ورزیوں کے معاملے پر بھارت پر پابندیاں لگائیں گے؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ انڈیا کو تشویشناک ممالک میں شامل نہیں کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیوملر نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حملے میں جانوں کے ضیاع اور شہریوں کے زخمی ہونے پر دکھ ہوا، دہشت گردی سے متاثر ہونے والوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔پاکستان میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے موقع پر مختلف شہروں میں رکاوٹوں، ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کی بندش سے متعلق سوال کے جواب میں میتھیوملر نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں پر امن اجتماع، اظہار رائے کی آزادی کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان میں مظاہرین سے مطالبہ کرتے ہیں پرامن رہیں اور تشدد سے گریز کریں۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستانی حکومت سے انسانی حقوق، بنیادی آزادی کا احترام کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، پاکستان کے آئین اور قانون کے احترام کو یقینی بنانا اہم ہے، حکومت پاکستان امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کرے۔میتھیوملر سے بھارت میں مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں پر سوال کیا گیا کہ کیا امریکی کمیشن نے محکمہ خارجہ سے بھارت پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے؟
اہم خبریں سے مزید