راولپنڈی، شمالی وزیرستان ( نیوز ایجنسیاں) بلوچستان کے ضلع ژوب میں سکیورٹی فورسز نے ایف سی کی چوکی پر حملے کو ناکام بناتے ہوئے خودکش حملہ آور سمیت 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار جمشید خان شہید ہوگئے، میر علی میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کے دوران دو خوارج ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے بدھ کو صبح سویرے ژوب میں ایف سی چوکی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جس پر سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں خودکش حملہ آور سمیت 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ فورسز نے انتہائی مطلوب دہشت گرد عمر عرف عماری کو بھی جہنم واصل کر دیا۔ہلاک دہشت گرد ڈپٹی کمشنر شیرانی کے قافلے پر حملے سمیت کئی کارروائیوں میں ملوث تھا۔ دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار جمشید خان شہید ہوئے، 39سالہ حوالدار جمشید خان شہید ڈیرہ بگٹی کے رہائشی ہیں۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔