میڈرڈ ( نیوز ڈیسک)اسپین سے تعلق رکھنے والے سابق عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار اور 22گرینڈ سلیم جیتنے والے رافیل نڈال نے اگلے ماہ شیڈول ڈیوس کپ کے بعد ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق 38سالہ رافیل نڈال نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو بیان میں اپنے گزشتہ اعلان کا اعادہ کیا کہ اگلے ماہ ہونے والے ڈیوس کپ کے ساتھ اپنے ٹینس کیریئر کا اختتام کروں گا۔انہوں نے ٹینس کے مداحوں کو مخاطب کرکے کہا کہ میں پروفیشنل ٹینس سے ریٹائر ہو رہا ہوں، درحقیقت گزشتہ دو برس مشکل تھے اور میرا نہیں خیال کہ میں کھل کر کھیل پاؤں گا، یہ فیصلہ مشکل ہے جس کے لیے مجھے بہت وقت لگا لیکن زندگی میں ہر چیز کا آغاز اور اختتام ہوتا ہے۔نڈال کو کیریئر میں کئی مرتبہ زخمی ہو کر مقابلوں سے باہر ہونا پڑا اور 2023کے شروع میں آسٹریلین اوپن کے دوران زخمی ہوگئے تھے اور سرجری سے قبل فرنچ اوپن سے بھی باہر ہوگئے تھے اور گزشتہ دو سیزنز میں انہوں نے صرف 23میچ کھیلے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں اپنے کیریئر کو ختم کرنے کا یہ مناسب وقت ہے کیونکہ میرا کیریئر بہت طویل اور انتہائی کامیاب ہے جس کے بارے میں شاید ہی میں نے کبھی سوچا ہو لیکن میں بہت پرجوش ہوں کہ میرا آخری ٹورنامنٹ ڈیوس کپ کا فائنل ہے۔ہسپانوی اسٹار نے کہا کہ اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے مجھے پروفیشنل ٹینس کھلاڑی کے طور پر ابتدا میں ہی خوشیاں ملیں کیونکہ یہ 2004میں سویل میں فائنل میچ تھا اور پورے جوش کے ساتھ کھیلتا رہا اور میں اپنی تمام کامیابیوں کی بنیاد پر خود انتہائی خوش نصیب تصور کرتا ہوں اور پوری ٹینس انڈسٹری اور اس کھیل سے منسلک افراد کا شکریہ ادا کرنا چاہتاہوں۔انہوں نے اپنے حریف کھلاڑیوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں اپنی ٹیم کے ساتھی کھلاریوں اور خاص طور پر میرے عظیم حریف کھلاڑیوں کا بھی مشکور ہوں، میں نے ان کے ساتھ بہت وقت گزارا ہے اور ان کے ساتھ گزارے ہوئے لمحات میں پوری زندگی یاد رکھوں گا۔کنگ آف کلے کے نام سے مشہور نڈال نے اپنے 23سالہ کیرئیر کے دوران ریکارڈ 14مرتبہ فرنچ اوپن جیتا، اس کے علاوہ 4دفعہ یو ایس اوپن، دو مرتبہ آسٹریلین اوپن اور ویمبلڈن چمپیئن بھی دو مرتبہ رہے۔رافیل نڈال نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ وہ متوقع طور پر رواں برس ریٹائر ہوجائیں گے کیونکہ وہ کولہے کی انجری کی وجہ سے 2023میں بھی چند ایک ٹورنامنٹس میں شریک ہوئے تھے اور انہیں سرجری کی ضرورت ہے۔ٹینس کی تاریخ کے عظیم کھلاڑیوں میں شامل رافیل نڈال کو آخری ٹورنامنٹ ڈیوس کپ 8 کے فائنل میں منتخب کیا گیا ہے جو مالیگا میں 19سے 24 نومبر تک کھیلا جائے گا، اس سے قبل انہوں نے جولائی میں پیرس اولمپکس میں حصہ لیا تھا تاہم فٹنس مسائل کی وجہ سے یوایس اوپن اور لیوری کپ نہیں کھیل پائے تھے۔