کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملتان ٹیسٹ میں انگلش بیٹسمینوں نے کئی ریکارڈ پاش پاش کردیے۔ ہیری بروک 34 سال بعد ٹرپل سنچری بنانے والے انگلش بیٹر بن گئے ۔ یہ انگلینڈ کی جانب سے چھٹی ٹرپل ٹیسٹ سنچری ہے۔ بروک نے، 310 گیندوں پر ٹرپل سنچری بنا کر ٹیسٹ کی تاریخ کی دوسری تیز ترین ٹرپل سنچری کا ریکارڈ بنایا۔ پاکستان کی کمزور بولنگ لائن اَپ کیخلاف پہلی بار کسی ٹیم نے 800 یا اس سے زائد رنز مکمل کرلیے۔ یہ پاکستان میں سب سے بڑا ٹوٹل ہے۔ یہ اعزاز پہلے بھارت کے نام تھا جس نے ملتان میں 2004 میں 5 وکٹ پر 675 رنز بنائے تھے۔ تاریخ میں صرف چار مرتبہ اننگز میں 800 سے زائد رنز بنے ہیں، اس سے قبل سری لنکا نے 1997 میں بھارت کیخلاف 6 وکٹ پر 952، انگلینڈ نے 1938 میں آسٹریلیا کے خلاف 903 اور 1930 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 849 رنز بنائے تھے۔ 1958 میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف 3 وکٹ پر 790 رنز بنائے تھے ۔ ہیری بروک پاکستان میں مسلسل چار ٹیسٹ میچز میں لگاتار سنچریاں بنانے والے انگلینڈ کے پہلے بیٹسمین بنے۔ برائن لارا، جیک کیلس، ڈیوڈ وارنر اور کین ولیمسن بھی پاکستان کے خلاف مسلسل چار ٹیسٹ سنچریز بناچکے ہیں۔