• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے ایس اے اور بی ایس اے کے زیراہتمام علامتی بھوک ہڑتال

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان و بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن کے زیراہتمام جامعہ بلوچستان ، بیوٹمز ، سب کیمپسز و ریسرچ سینٹرز اور دیگر یونیورسٹیوں کو درپیش مالی و انتظامی بحران کے مستقل حل کیلئے گیارہویں روز بھی کوئٹہ پریس کلب کے سامنے علامتی بھوک ہڑتال جاری رہی ، پروفیسر ساجد نبی ، پروفیسر عزیز بلوچ ، پروفیسر تعلیم بادشاہ خٹک ، پروفیسر شیخ میر احمد بلوچ ، پروفیسر منظور احمد بلوچ ، ڈاکٹر اکرم بلوچ نے بھوک ہڑتال میں حصہ لیا ۔ گزشتہ روز عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما حاجی نظام الدین کاکڑ نے وفد کے ہمراہ کیمپ کا دورہ کیا ۔ بھوک ہڑتالی کیمپ میں پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ ، پروفیسر سہیل انور بلوچ ، پروفیسر ارسلان شاہ اور ڈاکٹر کامران تاج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعات کے مالی بحران کا مستقل حل نکالے کیلئے پیر 14 اکتوبر کو سہ پہر تین بجے سے بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا جائے گا انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ماضی میں بے شمار نئی یونیورسٹیاں قائم کیں لیکن ان یونیورسٹیوں کے لئے فنڈنگ نہیں کی جارہی ۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما حاجی نظام الدین کاکڑ نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ گول میز کانفرنس بلاکر اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کرکے یونیورسٹیوں کو درپیش مالی بحران کے مستقل حل کیلئے 15 ارب روپے جاری کرانے اور صوبائی سطح پر ایچ ای سی کے قیام پر بات کریں ۔
کوئٹہ سے مزید