• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئیسکو دفتر اورریلوے کارگو آفس سےڈینگی لاروا برآمد، صوبائی وزیر صحت کا انچارج افسران کیخلاف کارروائی کا اعلان

راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے) صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیرنے راولپنڈی میں دفتر آئیسکو راولپنڈی مریڑ چوک اور ریلوے کے کارگو آفس صدر میں چھاپے مار کر ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر انچارج افسران کے خلاف کارروائی کا اعلان کردیا ۔صوبائی وزیرنے مختلف جگہوں پر ڈینگی لاروا کا جائزہ لیا۔ آئیسکو دفتر میں ٹرانسفارمر کے قریب کھڑے پانی میں سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا جبکہ ریلوے کارگو آفس میں پڑے ہوئے ٹائروں سے ڈینگی لاروا ملا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ان دفاتر میں جن افسران نے اپنی بلڈنگز کے ڈینگی فری ہونے کے سرٹیفیکیٹ دفتر ڈپٹی کمشنر میں جمع کرائے تھے ان کے خلاف ایف آئی آرز درج کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کے انچارج افسران روزانہ کی بنیاد پر اپنے دفاتر کی عمارتوں کا معائنہ کریں اوریقینی بنائیں کہ وہاں پر نہ ڈینگی مچھر موجود ہو اور نہ ہی ڈینگی لاروا کی افزائش کی کوئی جگہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری بخار کی صورت میں فوری ڈاکٹر سے رابطہ کریں اور دیر نہ کریں کیونکہ اس صورت میں ڈینگی بخار جان لیوا بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں ڈینگی ٹیسٹ کی فیس 90 روپے مقرر کی گئی ہے اور شہری زائد رقم ہر گز نہ دیں ۔
اسلام آباد سے مزید