• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مانچسٹر میں پاکستانی نوجوان پر پولیس تشدد کے واقعے میں اہم پیشرفت

مانچسٹر (نمائندہ جنگ) مانچسٹر ائرپورٹ پر پولیس کی جانب سے پاکستانی نوجوان پر تشدد کے واقعے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق گریٹر مانچسٹر پولیس کی جانب سے معاملے کی جامع رپورٹ کراؤن پراسیکیوشن کو بجھوا دی گئی ہے۔ مانچسٹر ائیرپورٹ پر جولائی میں پیش آنے والے واقعہ کے نتیجے میں تین پولیس آفیسرز زخمی ہوئے تھے جی ایم پی کے سینئر آفیسرز پر مشتمل ٹیم نے معاملے کی چھان بین کر کے واقعہ کی مکمل رپورٹ جمع کرائی ہے۔ کراؤن پراسیکیویشن شواہد کی بنیاد پر جرم کا تعین کرے گی۔ اس معاملے میں تاحال چار افراد پولیس کی ضمانت پر ہیں پولیس آفیسرز کی جانب سے امتیازی سلوک پر آئی او پی سی کی جانب سے ایک علیحدہ تفتیش جاری ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ مانچسٹر ائیرپورٹ پر پولیس کی جانب سے پاکستانی نوجوان پرتشدد کے واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کمیونٹی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ گریٹر مانچسٹر پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کو ائیرپورٹ پر لڑائی کی اطلاع پر طلب کیا گیا تھا معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ وائرل ہونیوالی ویڈیو میں پولیس افسر کو زمین پر گرے ہوئے شخص کو لات مارتے دیکھا جا سکتا ہے زمین پر گرے شخص کے پاس ایک خاتون بھی بیٹھی تھی جبکہ دیگرپولیس افسران تشدد کا واقعہ دیکھنے والوں کو پیچھے ہٹنے کا کہتے رہے۔ مانچسٹر ائیرپورٹ پر پاکستانی نوجوان پر تشدد کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے مانچسٹر سے برٹش پاکستانی رکن پارلیمنٹ افضل خان نے واقعہ کو افسوس ناک قرار دیا اورکہا کہ پولیس نے شہری پر طاقت کا بے جا استعمال کیا۔ افضل خان نے معاملہ انڈپینڈنٹ آفس فار پولیس کنڈکٹ کو بھیجنے کا مطالبہ اٹھایا۔
یورپ سے سے مزید