• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اچھی طرح 10 وکٹ بھی نہیں لے پا رہے، شان مسعود مایوس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملتان ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد قومی کپتان شان مسعود مایوسی کا شکار ہوگئے۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ہم ٹیسٹ میچز میں 20 توکیا اچھے انداز سے 10 وکٹیں بھی نہیں لے رہے جو بہت ہی مایوس کن بات ہے، 20 وکٹیں حاصل کیے بغیر آپ ٹیسٹ میچ نہیں جیت سکتے، یہ کہنا کہ اسے نکال دیں یا یہ کردیں وہ کردیں، لیکن یہ اتنا آسان نہیں ہوتا۔ انگلینڈ نے راستہ نکالا اور 20 آؤٹ کیے، ہمیں انگلینڈ نے راستہ نکالنا سکھایا ہے، انگلینڈ نے اچھے عزم اور کھیل کا مظاہرہ کیا اور کامیابی حاصل کی۔ پہلی اننگز میں ٹیم نے اچھا اسکوربنایا تھا، دوسری اننگز اچھی کر کٹ کھیلنا چا ہئے تھی، میچ سیٹ کر کے ہار رہے ہیں، ہمیں طریقہ نکالنا ہے کہ پہلی اننگز اچھی کھیلنے کے بعد میچ پر اپنی گرفت برقرار کیسے رکھی جائے۔ ٹیسٹ کرکٹ آسان نہیں، ہم پچزکے لیے اپنی ضرورت اور اسکواڈ بتاتے ہیں، دوسرے ٹیسٹ کیلئے بیٹھیں گے اور اچھا کمبی نیشن بنانے کی کوشش کریں گے۔ بابراعظم پاکستان کا بہترین بیٹر ہے، وہ ایک اننگز کی دوری پر ہیں، ہمارا اعتماد ابھی ان پر ہے، لیکن دوسرے ٹیسٹ سے قبل کنڈیشنز اور پچ کو دیکھ کر سوچیں گے کہ کیا کمبی نیشن بن سکتا ہے ، ابرار احمد اسپتال میں ہیں، دعا ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوں۔ سوچا تھا کہ پچ پر دوسرے اور تیسرے روز سے اسپنرز کو مدد ملے گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ اسی وجہ سے پہلے بیٹنگ کی ۔ دیکھ رہے ہیں کہاں غلطیاں ہوئی ہیں۔ ان کو بہتر کریں گے۔ ٹیم پرفارمنس میں کیسے خرابی ہوئی اور بہتر ی کی کیا گنجائش ہے، اس کا بھی سوچیں گے۔ پچ کو سمجھنے کیلئے ہم یہاں پہلے ٹیسٹ سے قبل موجود نہیں تھے۔ دوسرے میچ سے قبل پچ، کنڈیشنز کو سمجھیں گے۔ کنڈیشن کے حساب سے کام کرنے اور کچھ فیصلے کرنے ہوتے ہیں۔ بہت ساری چیزیں ہوتی ہیں تو آپ مورال کنٹرول نہیں کر سکتے ۔ ہمیں کام کرنا پڑے گا اور یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ میچ کا رزلٹ کیسے نکالیں گے۔

اسپورٹس سے مزید