• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان ٹیسٹ میں عبرتناک شکست، کرکٹ ٹیم کا خودکش مشن مکمل، جمعہ کو آخری رسوم ادا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کا خودکش مشن مکمل ہوگیا، چوتھے دن شکست کے آثار نمایاں ہونے کے بعد جمعہ کو لنچ سے قبل ہی آخری رسوم ادا ہوگئیں، ملتان ٹیسٹ میں پاکستان نے نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے شرمناک شکست کا سامنا کیا۔ ٹیسٹ کرکٹ کی 147 سالہ تاریخ میں کوئی ٹیم 500 اسکور کرکے اننگز کی شکست سے کبھی بھی دوچار نہیں ہوئی، مگر پاکستانی کھلاڑیوں نے یہ کارنامہ بھی اپنے نام کرلیا، گرمی سے نڈھال انگلش کھلاڑیوں نے میزبان کھلاڑیوں کو بے حال کردیا ،انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو ایک اننگز اور47رنز سے شکست دے دی۔ ہیری بروک کو317رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جمعے کو پانچویں روز پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں55 ویں اوورز میں220رنزبناکرآؤٹ ہوگئی۔ پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 152 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے کیا ۔ سلمان علی آغا 41 اور عامر جمال27رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، سلمان آغا 63، سعود شکیل 29، صائم ایوب 25 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ کپتان شان مسعود 11 ، محمد رضوان 10 اور بابراعظم 5 رنزبناکر آؤٹ ہوئے، اوپنر عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ آل راؤنڈر عامر جمال 55 رنزبناکر ناقابل شکست رہے جبکہ بخار میں مبتلا ابرار احمد بیٹنگ کے لیے نہیں آئے۔ انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے30رنز کے عوض چار وکٹ لئے،گس اٹکنسن46 اور برائیڈن کارس 66 رنز کے عوض دو، دو وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں شان مسعود، عبد اللہ شفیق اور سلمان علی آغا کی سنچریوں کی بدولت 556رنز اسکور کیے تھے جبکہ جواب میں انگلینڈ نے پہلی اننگز میں ہیری بروک کی ٹرپل سنچری اور جو روٹ کی ڈبل سنچری کی بدولت 823 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی تھی۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ منگل سے ملتان میں شروع ہوگا۔

اسپورٹس سے مزید