ا سلام آباد (فاروق اقدس)فضل الرحمن کی چوہدری نثار سے طویل ملاقات ، آئینی ترمیم پر تبادلہ خیال ، ملاقات کے میزبان میجر (ر) عامرتھے ، چوہدری نثار کا پی ٹی آئی میں شمولیت کے خواہاں ہونیکا قیاس ،جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان جن کی اسلام آباد میں اقامت گاہ ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین، مرکزی رہنماؤں اور اعلیٰ سطح حکومتی شخصیات کی آمدورفت کا مرکز بنی ہوئی ہے، ایسے میں مولانا فضل الرحمان کی جمعرات کی شب مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما اور سیاسی فیصلوں میں تذبذب کا شکار رہنے کی شہرت حاصل کرنے والے چوہدری نثار علی خان سے طویل ملاقات ہوئی، اس ملاقات کے میزبان ماضی میں ’’آپریشن مڈ نائٹ جیکال‘‘ کے حوالے سے سیاسی شہرت حاصل کرنے والے میجر (ر) عامر تھے اور باور کیا جاتا ہے کہ یہ ملاقات اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ہی ہوئی، چوہدری نثار جو حال ہی میں ایک بار پھر سیاسی طور پر متحرک ہوئے ہیں اور قیاس کیا جارہا ہے کہ وہ تحریک انصاف میں شمولیت کے خواہاں ہیں ۔