کراچی(اعظم علی /نمائندہ خصوصی) کراچی کے کچھ حصوں میں جمعرات اور جمعہ کے دن ہونے والی بارش کے بارے میں محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر نے بتایا کہ یہ پوسٹ مون سون سسٹم کا نتیجہ ہے اور یہ سلسلہ صوبہ سندھ میں منگل کے روز تک جاری رہے گا جس کے تحت کچھ حصوں میں بننے والے اچانک بادل برسیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بحیرہ عرب میں کراچی سے ایک ہزار کلومیٹر دور ایک اور سسٹم موجود ہے جس کی نگرانی کی جارہی ہے اگر یہ سسٹم کراچی تک آنے پر کمزور نہیں ہوا تو وقفے وقفے سے پورے سندھ میں ایک اور بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس موسم میں جن علاقوں میں ہوا میں نمی کا تناسب کم ہوتا ہے وہاں بارشوں کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں ۔