• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت جمیل نامی شخص کے الزامات کی تحقیقات کرائے‘ اشرف مینگل

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ڈیرہ مراد جمالی کے رہائشی محمد اشرف مینگل نے کہا ہے کہ جمیل نامی شخص نے ڈیرہ مراد جمالی اور کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے ذریعے جھوٹے الزامات لگائے ، حکومت تمام معاملات کی مکمل تحقیقات کرائے تاکہ سچ اور جھوٹ کا پتہ چل سکے ، یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چار بھائی اور تین بہنیں ہیں ہمارے ایک بھائی عبدالباسط کو مبینہ طور پر جمیل نے 12 نومبر 2022ء کو اس کی طلاق یافتہ بیوی کے ساتھ مل کر کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاون چاندنی چوک کے قریب قتل کیا جس کے تمام ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں ، جمیل ہمارابھائی ہے لیکن اس نے خاندان سے رشتہ ختم کردیا اور اس کی ہروقت کوشش ہوتی ہے کہ ہمیں کسی نہ کسی طریقے سے اذیت پہنچائے اس لئے کسی نہ کسی مسئلے میں الجھتا رہتا ہے ۔ نصیر آباد کے معتبرین کی سربراہی میں کئی جرگے ہوئے مگر وہ ہر فیصلے سے مکر جاتا ہے ، اس نے عبدالباسط کے خلاف ڈیرہ مراد جمالی میں بے بنیاد کیسز دائر کئے ، عبدالباسط کو قتل کرنے سے چند دن قبل سیشن کورٹ میں دونوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی تھی اب وہ عبدالباسط کی جائیداد ہتھیانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے جبکہ اس شخص نے عبدالباسط کی نماز جنازہ اور فاتحہ میں بھی شرکت نہیں کی انہوں نے الزام لگایا کہ جمیل نے میرے بھائی عبدالجبار کو مارنے کیلئے لوگ بھیجے جس کی ویڈیو لیک ہوگئی اور ان کے خلاف کیچی بیگ تھانہ کوئٹہ میں مقدمہ درج کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ جمیل نے ہماری بڑی بہن کے گھر کلی سردہ میں ہینڈ گرنیڈ پھینک کر گھر کو شدید نقصان پہنچایاپھر 13 مئی 2023ء کو اپنے بیٹوں کے ہمراہ ہمارے گاؤں پر حملہ کیا جس میں ہمارا ایک ملازم محمد علی پندرانی زخمی ہوا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا ۔ 17 جولائی کو حملہ کرکے اس شخص نے میری بیٹی جو ڈاکٹر تھی کو شہید کردیا جب نصیر آباد پولیس نے اس کے گھر پر چھاپہ مارا تو پولیس پر فائرنگ کرکے فرار ہوگیا ۔ انہوں نے کہاکہ مجھے ، میرے خاندان اور میرے ملازمین کو کسی بھی قسم کا جانی مالی نقصان پہنچا تو اس کی تمام تر ذمہ داری جمیل پر عائد ہوگی ۔
کوئٹہ سے مزید