• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس قاضی فائز 25 اکتوبر کو ریٹائر، فل کورٹ ریفرنس ہوگا، سرکاری خرچ پر عشائیے سے معذرت

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 25 اکتوبر کو ریٹائر ہو جائیں گے، اسی دن ان کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس منعقد ہو گا۔

چیف جسٹس نے تقریباً 20 لاکھ روپے کے سرکاری خرچ پر سپریم کورٹ سے الوداعی ڈنر لینے سے معذرت جبکہ سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کی الوداعی عشائیے کی دعوت قبول کر لی۔

ایڈیشنل رجسٹرار نے سیکریٹری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کو خط لکھ کر بتایا کہ چیف جسٹس نے آپ کی دعوت قبول کر لی ہے، سپریم کورٹ بار کا الوداعی عشائیہ 24 اکتوبر کو ہو گا۔

چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ کے سلسلے میں25 اکتوبر صبح ساڑھے 10 بجے سپریم کورٹ میں فل کورٹ ریفرنس منعقد ہو گا، اس حوالے سے رجسٹرار نے فل کورٹ ریفرنس کا نوٹس جاری کر دیا۔

ریفرنس میں شرکت کے لیے اٹارنی جنرل، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سمیت سینئر وکلاء کو مدعو کیا گیا ہے۔

ادھر سپریم کورٹ کی روایت کے مطابق رجسٹرار آفس نے سپریم کورٹ کی جانب سے ریٹائر ہونے والے ججوں اور چیف جسٹس کے اعزاز میں عشائیے کے حوالے سے چیف جسٹس کے نام ایک مراسلہ بھجوایا ہے تاہم چیف جسٹس نے جواب دیاہے کہ ان کے اعزاز میں عشائیہ نہ دیا جائے کیونکہ اس پر قومی خزانے سے تقریباً 20 لاکھ روپے کا خرچہ آتا ہے، جس کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

اہم خبریں سے مزید