راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کےدورانشہر میں کاروباری سرگرمیوں پر پابندی عائد نہیں کی گئی۔ ایس سی او اجلاس کے دوران کاروباری مراکز بند کرنے کی خبروں کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کی جانب سے وضاحتی بیان میں کہاگیا ہے کہ جن کاروباری مراکز کو بند کرنا مقصود ہے ان کو آگاہ کر دیا گیا ہے،ایسے تمام کاروباری مراکز کے ساتھ ضلعی انتظامیہ مسلسل رابطے میں ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ صرف ان کاروباری مراکز کو بند رکھا جائے گا جو روٹ پر واقع ہوں گے ،دیگر کاروباری مراکز اپنے معمول کے مطابق سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے۔ ڈی سی اسلام آباد نے کہاکہ اسلام آباد میں ہائکنگ ٹریلز بھی ایس سی او کے ایام میں بند ہوں گے ۔ ایس سی او وفود کے روٹس پر ٹریفک کی روانی بھی محدود رہے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ تمام اقدامات سکیورٹی اقدامات کے پیش نظر لئے جا رہے ہیں، اس سلسلے میں شہریوں اور کاروباری حضرات سے اپیل ہے کہ وہ تعاون کریں۔