راولپنڈی ( خصوصی نمائندہ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے راولپنڈی میں ڈینگی ایمرجنسی کا اعلان کرنے کے بعد ممبرپنجاب اسمبلی آمنہ حسن شیخ ،ڈپٹی کمشنر اور ڈائریکٹر کالجز کی قیادت میں سرکاری ونجی کالجوں کے ایک ہزار کے قریب رضا کار طلباوطالبات میدان میں آگئے جنھوں نے ڈینگی کے مکمل خاتمے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کا عزم کیااور گلی محلوں میں آگاہی مہم شروع کردی ۔گزشتہ روز گورنمنٹ وقار النساپوسٹ گریجویٹ کالج اور گورنمنٹ سٹلائیٹ ٹاون کالج فار بوائز میں رضا کارطلباوطالبات میں کارڈ تقسیم کرنے کی خصوصی تقریبات ہوئیں۔ وقار النساکالج میں منعقدہ تقریب میں ممبران پنجاب اسمبلی آمنہ حسن شیخ اورمحسن ایوب، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی وقار حسن چیمہ ، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر شیر احمدستی، ڈپٹی ڈائریکٹر امجد اقبال خٹک، اسٹنٹ ڈائریکٹرز پروفیسر احمر ،پروفیسر شاہ رخ رشید، سپرنٹنڈنٹ ملک جمیل اعوان اورگرلز کالجزکی پرنسپلزواساتذہ نے شرکت کی ۔ سیٹلایٹ ٹاون کالج میں منعقدہ تقریب میں طلبا کو گائیڈ لائن دینے کے علاوہ انکی خصوصی تربیت بھی کی گئی ۔سیٹلایٹ ٹاون کالج میں ایم این اے طاہرہ اورنگزیب، ممبران پنجاب اسمبلی آمنہ حسن شیخ، محسن ایوب، شازیہ رضوان، اسماعباسی نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔ دونوں تقریبات میں ممبران اسمبلی ، ڈپٹی کمشنر وقار حسن چیمہ اوردیگرکا کہناتھاکہ مشکل ترین حالات میں ہمیشہ نوجوان نسل بالخصوص طلباوطالبات نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیاہے۔ڈینگی خاتمے کے لئے میدان میں آنے والے رضا کار طلباوطالبات کے لئے موقع ہے کہ وہ قوم کے محسن بنیں۔ہمیں سیاست سے ہٹ کر خدمت کرنی ہے ۔