لندن( نمائندہ جنگ ) کشمیر ی رہنما اورکشمیر رابطہ کمیٹی کے نومنتخب صدر فہیم کیانی نے لندن سائوتھ آل جامع مسجد ابوبکر میں 27اکتوبر کے حوالے سے اجلاس کااہتمام کیا۔ اجلاس میں امام جامع مسجد قاری طیب عباسی، جنرل سیکرٹری انعام الحق نبی، تحریک کشمیر کی سیاسی و سفارتی کمیٹی کی رکن ریحانہ علی، رانا وقار ،عبدالقیوم، سخاوت ، میاں سلیم ،کونسلر شکیل خان ، کونسلر تارڑ ودیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ فہیم کیانی نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کشمیر ی عوام کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خاتمے کے خلاف 27 اکتوبر 10 ڈاوننگ سٹریٹ سے بھارتی ہائی کمیشن تک لانگ مارچ کریں گے۔فہیم کیانی نے برطانیہ میں آباد لاکھوں مقیم پاکستانی وکشمیر ی عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مظاہرے میں مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بھرپور شرکت کریں۔ فہیم کیانی نے اس موقع پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔ بھارت نے 27 اکتوبر 1947 سے کشمیر پر طاقت کے زور پر زبردستی غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔ کشمیر ی عوام آج بھی اس غاصبانہ قبضہ کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک کشمیر ی عوام حق خودارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اس سے قبل کشمیر رابطہ کمیٹی کے رہنماؤں نے سلائو ہائی ویکمب،پیٹر برا، ریڈنگ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کمیونٹی رہنماوں سے ملاقاتیں کیں۔اس موقع پر سائوتھ آل جامعہ مسجد ابوبکر کے خطیب نے کشمیر رابطہ کمیٹی کے رہنمائوں کو یقین دلایا کہ وہ 27 اکتوبرکے مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں گے ۔ خطیب قاری ابوبکر عباسی نے کہا باقاعدہ کوچ کا انتظام کیا جائے گا تاکے عوام زیادہ سے زیادہ مظاہرے میں شرکت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کیلئے یہ وقت اتحاد ،اتفاق اور نظم و ضبط کا ہے۔تحریک کشمیر کی سیاسی و سفارتی کمیٹی کی سربراہ ریحانہ علی نے کہا کہ کشمیر ی خواتین 27 اکتوبرکے مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں۔ ریحانہ علی نے کہا کشمیر ی عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کشمیر میں آزادی کا سورج ضرور طلوع ہو گا ۔ کشمیر ی عوام مقبوضہ کشمیر میں ھونے والے انتخابات کو تسلیم نہیں کرتے یہ حق خودارادیت کا نعمل البدل نہیں۔ انہوں نے کہا کشمیر کو دوسرا غزہ نہیں بننے دیا جائے گا۔ اس موقع پر کشمیر رابطہ کمیٹی کے نومنتخب جنرل سیکرٹری انعام الحق نے کہا کشمیر کے حالات انتہائی خراب ہیں ۔ بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی مقبوضہ کشمیر کے حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے امن کے جھوٹے بیانات دے رہا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بندوق کی نوک پر ھونے والے جھوٹے انتخابات کو مسترد کر دیا ہے ۔ عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے 27 اکتوبر کے مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں ۔